18/11/2025
فراڈ الرٹ......نیاجال لائےپرانےشکاری
آج میرے ساتھ ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے یہ تحریر لکھنے پر مجبور کیا۔ ایک نامعلوم نمبر سے کال آئی۔ نہ لہجہ مشکوک، نہ تلفظ عجیب۔ نہ کوئی عجلت، نہ کوئی بدتمیزی۔ بس ایک بالکل نارمل سا جملہ:
“سر ہم فلاں کورئیر کمپنی سے بات کر رہے ہیں، آپ کا پارسل ہے۔”
چونکہ میرے ہاں ہر ہفتے تین چار پارسل آتے رہتے ہیں، میں نے بغیر سوچے سمجھے جواب دیا: “ٹھیک ہے، شام کو پہنچا دینا۔”
مگر اصل کھیل تو اس کے بعد شروع ہوا۔
کہنے لگا: “سر ہم نے پارسل کوڈ آپ کے نمبر پر بھیجا ہے، وہ آپ ابھی کال پر بتا دیں تاکہ ہم پارسل کنفرم کر سکیں۔”
میں نے میسج چیک کیا تو یہ کوئی کورئیر کوڈ نہیں تھا… بلکہ واٹس ایپ ویریفیکیشن کوڈ تھا۔ اور بس، لمحہ بھر میں ساری کہانی سمجھ آگئی۔ میں نے ایک موٹی سی گالی دی اور فون بند ہوگیا۔ دوبارہ کال کی… مگر اب کوئی جواب نہ ملا۔ وہ اپنے شکار کی ناکامی پر پہلے ہی غائب ہو چکا تھا۔
یہ صرف میری کہانی نہیں.......یہ روزانہ ہزاروں لوگوں کے ساتھ ہو رہا ہے۔ یہ لوگ آپ کا واٹس ایپ ہیک کرتے ہیں۔ آپکے نام سے آپ کے دوستوں اور خاندان والوں سے پیسے مانگتے ہیں۔ آپ کا جاز کیش، ایزی پیسہ، بنک اکاؤنٹ، یہاں تک کہ پوری زندگی کی جمع پونجی چند منٹ میں صاف ہو جاتی ہے۔
ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں سہولت کا ہر دروازہ کھلتے ہی دھوکے کا ایک نیا راستہ بھی موجود ہوتا ہے۔ کبھی کسی لنک پر کلک کرو، کبھی کسی کوڈ کا جواب دو، کبھی کسی نامعلوم نمبر سے آئی کال اُٹھاؤ… اور اگلے لمحے آپ کی محنت کی کمائی، آپ کی نجی معلومات، اور سب سے بڑھ کر آپ کا اعتماد کسی نادیدہ ہاتھ میں منتقل چکا ہوتا ہے۔ آج کا فراڈیا چور نہیں، ہتھیار نہیں، نقاب نہیں… صرف ذہانت اور ٹیکنالوجی کا غلط استعمال لیے بیٹھا ہے۔
یہ بات یاد رکھیں:
کسی بھی ادارے کا ملازم آپ سے واٹس ایپ یا ویریفیکیشن کوڈ نہیں مانگتا۔
کوئی معتبر ادارہ آپ کو کوڈ کال پر نہیں کہتا بتانے کو۔
مشکوک لنکس، نامعلوم نمبرز اور “انعامی اسکیمیں”........99 فیصد فراڈ ہیں۔
کسی بھی ایسی کال یا پیغام پر فوری شک کریں جو کوڈ یا لنک مانگے۔
اپنے خاندان، بزرگوں، بچوں اور دوستوں کو آگاہ کریں کیونکہ آج کا ٹھگ گلی محلے کا جیب تراش نہیں بلکہ وہ آپ کی اسکرین کے اندر چھپا بیٹھا ہے۔
ایسا وقت آنے سے پہلے مضبوط بنیں، باشعور بنیں، اور دوسروں کو بھی ہوشیار کریں۔
خود بچیں