24/08/2026
شمالی وزیرستان/ گورنمنٹ ڈگری کالج تحصیل دتہ خیل کی مبینہ طور پر دوسری جگہ منتقلی کے خلاف عوام کا بڑا احتجاج
*تحصیل دتہ خیل کے خدرخیل مین بازار میں مداخیل، خدر خیل اور منظر خیل اقوام سے تعلق رکھنے والے عمائدین طلباء اور سول سوسائٹیز کی جانب سے گورنمنٹ ڈگری کالج کی منظور شدہ سائٹ کی دتہ خیل سے لانڈ محمد خیل مبینہ منتقلی کے خلاف پُرامن احتجاج کیا گیا جس میں مظاہرین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کالج کو پیشگی فیصلے کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر دتہ خیل ہی میں قائم کیا جائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ دتہ خیل ایک مرکزی اور آسانی سے قابلِ رسائی مقام ہے، جب کہ سائٹ کی تبدیلی سے دور دراز اور غریب علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد طلباء کے لیے اعلیٰ تعلیم کا حصول دشوار ہو جائے گا۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے زور دے کر کہا کہ اس تعلیمی منصوبے کے مقام کے حتمی تعین میں مقامی آبادی، والدین اور سول سوسائٹی کے تحفظات کو مدنظر رکھا جائے، فیصلے میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور آئینی حق کے تحت پسماندہ علاقے کے نوجوانوں کو مساوی و محفوظ تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ پوری نسل کا تعلیمی مستقبل محفوظ ہو سکے۔