08/02/2026
چپورسن زلزلہ زدگان کے ریلیف سامان کی مبینہ منتقلی، عوامی حلقوں میں تشویش
رپورٹ:
چپورسن ( عاشق علی ) وادی چپورسن کے زلزلہ زدگان کے لیے چین سے آنے والے امدادی سامان کی مبینہ طور پر کسی دوسری جگہ منتقلی نے علاقے میں بے چینی پھیلا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ دنوں چپورسن میں آنے والے زلزلے کے بعد متاثرین کی مدد کے لیے وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر چین سے امدادی سامان (ریلیف) پاکستان پہنچا تھا۔ یہ سامان سوست ڈرائی پورٹ پر موجود تھا، تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس سامان کو ڈرائی پورٹ سے ٹرکوں میں لوڈ کر کے نیچے (دیگر علاقوں کی طرف) لے جایا جا رہا ہے۔
مقامی حلقوں اور سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ چپورسن کے زلزلہ زدگان کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔ متاثرین سخت موسم اور قدرتی آفت کے بعد امداد کے منتظر ہیں، ایسے میں ان کے حق کے سامان کو کہیں اور منتقل کرنا انتظامیہ کی کارکردگی پر بڑے سوالیہ نشان کھڑے کرتا ہے۔
علاقہ مکینوں اور متاثرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور چین سے آنے والا ریلیف سامان فوری طور پر چپورسن کے اصل حقداروں تک پہنچایا جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔