17/03/2026
خیبر : آر ٹی ایس ایکٹ پر آگاہی کے لیے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر کا دورہ.
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (آر ٹی ایس) خیبر ثریا خان نے ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر لنڈی کوتل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صحافیوں کو حقِ عوامی خدمات (آر ٹی ایس) ایکٹ اور آر ٹی ایس کمیشن کے دائرہ اختیار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی.
ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ منیٹرنگ آفیسر نے کہا کہ شہریوں میں آر ٹی ایس ایکٹ کے تحت حقوق سے متعلق آگاہی پھیلانے میں میڈیا کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا اس موقع پر ڈی ایم او نے موثر عوامی آگاہی کے لیے مختلف ذرائع اور کمیونیکیشن چینلز کے استعمال پر صحافیوں سے تجاویز بھی حاصل کیں انہوں نے اعلان کیا کہ عیدالفطر کے بعد پریس کلب میں ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا جائے گا تاکہ عوام کو اس قانون سے متعلق مزید معلومات فراہم کی جا سکیں ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی تجاویز عوامی آگاہی اور خدمات تک رسائی کو مزید موثر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی.
ڈی ایم او ثریا خان نے کہا کہ آر ٹی ایس ایکٹ کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور سرکاری محکموں میں بروقت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بلا خوف و جھجھک سرکاری محکموں میں درپیش قانونی امور کے حل کے لیے اس نظام سے استفادہ کریں انہوں نے مزید کہا کہ رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبر عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور یہ قانون شہریوں کو مقررہ وقت میں سرکاری خدمات کے حصول کا حق دیتا ہے جبکہ شکایات کے ازالے کا موثر نظام بھی فراہم کرتا ہے.
آخر میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے اس نظام میں صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ میڈیا عوامی آگاہی کے فروغ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا.