24/06/2026
مارخور انرجی ڈرنک کی قرعہ اندازی: ایک شرعی جائزہ
کل ایک دوست کے ساتھ مارخور انرجی ڈرنک کے دفتر جانے کا اتفاق ہوا۔ میرا دوست قرعہ اندازی کے ٹکٹ خریدنا چاہتا تھا۔ وہاں اسے بتایا گیا کہ ایک ٹکٹ 3000 روپے اور تین ٹکٹ 6000 روپے کے ہیں۔ اس نے تین ٹکٹ 6000 روپے کے خرید لیے۔ بعد میں اسے چار انرجی ڈرنکس بھی دے دی گئیں۔
یہ منظر دیکھ کر مجھے تعجب ہوا، کیونکہ اس سے پہلے مارخور کمپنی کے متعلق یہ مؤقف سننے میں آیا تھا کہ وہ انرجی ڈرنکس فروخت کرتی ہے اور خریدار کو بطورِ اضافی سہولت قرعہ اندازی میں شامل کر دیتی ہے، یعنی قرعہ اندازی کا ٹکٹ مفت ہوتا ہے اور قیمت صرف پراڈکٹ کی وصول کی جاتی ہے۔
لیکن جو صورت میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھی، اس میں معاملہ اس کے برعکس محسوس ہوا۔ گفتگو اور لین دین کا مرکز "ٹکٹ" تھا، نہ کہ انرجی ڈرنک۔ رقم بھی ٹکٹ کے عنوان سے وصول کی گئی، جبکہ بعد میں دی جانے والی چند بوتلیں اصل معاملے کے مقابلے میں نہایت معمولی مالیت رکھتی تھیں۔
فقہائے اسلام نے "قمار" (جوا) کی جو تعریف بیان کی ہے، اس کا خلاصہ یہ ہے کہ لوگ مال لگائیں، پھر نفع و نقصان کا فیصلہ قسمت اور قرعہ پر موقوف ہو؛ کچھ افراد فائدہ اٹھائیں اور باقیوں کا مال ضائع ہو جائے۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ ... رِجْسٌ مِنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ﴾
(المائدہ: 90)
فقہی اصول ہے:
"العبرة في العقود للمقاصد والمعاني لا للألفاظ والمباني"
یعنی معاملات میں اعتبار ناموں کا نہیں بلکہ حقائق اور مقاصد کا ہوتا ہے۔
لہٰذا اگر حقیقت یہ ہو کہ لوگ دراصل انعام جیتنے کی امید میں ٹکٹ خرید رہے ہیں، اور بعد میں کسی کم قیمت چیز کو دے کر اس معاملے کو خرید و فروخت کا نام دیا جا رہا ہے، تو یہ محض "پروموشن" یا "مارکیٹنگ" کا مسئلہ نہیں رہتا بلکہ "میسر" اور "قمار" کے دائرے میں داخل ہو جاتا ہے۔
میں مارخور انرجی ڈرنک انتظامیہ سے مؤدبانہ سوال کرتا ہوں:
اگر قرعہ اندازی واقعی مفت ہے تو پھر ٹکٹ کی الگ قیمت کیوں وصول کی جا رہی ہے؟
اور اگر قیمت ٹکٹ کی وصول کی جا رہی ہے تو اسے شرعی قرعہ اندازی کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟
ہماری خواہش کسی فرد یا کمپنی کی تحقیر نہیں، بلکہ یہ ہے کہ مسلمان تاجروں کے کاروبار سود، دھوکے اور جوئے جیسی مشتبہ صورتوں سے پاک ہوں۔ حلال تجارت میں وقتی منافع کم ہو سکتا ہے، مگر اس میں برکت اور اللہ
تعالیٰ کی رضا شامل ہوتی ہے۔
یہ تصویر مارخور کے دوسرے کمپنی/برانڈ جیٹور Jetour واقع رنگ روڈ میں لے لی ہے۔