01/06/2026
حکومت گلگت بلتستان
ازدفترمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ،گلگت کارڈیک ہسپتال
گلگت بلتستان
پریس ریلیز
گلگت کارڈیک ہسپتال میں جدید ترین کیتھ لیب کا افتتاح، یکم جون 2026 سے انجیوگرافی سروسز کا باقاعدہ آغاز
گلگت، 31 مئی 2026: گلگت بلتستان میں امراضِ قلب کے علاج کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر گلگت کارڈیک ہسپتال میں جدید ترین کیتھ لیب کا باقاعدہ افتتاح یکم جون 2026 سے کیا جا رہا ہے۔ حکومتِ پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ اس جدید سہولت کے فعال ہونے سے گلگت بلتستان کے عوام کو پہلی مرتبہ اپنے علاقے میں انجیوگرافی جیسی اہم تشخیصی اور علاجی خدمات دستیاب ہوں گی، جس سے مریضوں کو علاج کے لیے ملک کے دیگر شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت میں نمایاں کمی آئے گی۔
سیکرٹری صحت گلگت بلتستان آصف اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ کیتھ لیب کا قیام خطے میں امراضِ قلب کے علاج کے لیے خود انحصاری کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل امیجنگ اور انٹروینشنل ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ سہولت خطے کے عوام کو معیاری اور بروقت طبی خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ گلگت کارڈیک ہسپتال میں او پی ڈی اور تشخیصی خدمات کا آغاز 23 ستمبر 2023 کو کیا گیا تھا، جہاں سی ٹی انجیوگرافی، ریڈیو فلوروسکوپی، ای سی جی اور ایکو سمیت متعدد جدید تشخیصی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کے تحت کیتھ لیب کے فعال ہونے سے انجیوگرافی سمیت مختلف انٹروینشنل کارڈیالوجی خدمات چوبیس گھنٹے ایمرجنسی کوریج کے ساتھ منصوبے کے فیز-III میں، پلاننگ کمیشن اسلام آباد سے پی سی-I کی منظوری کے بعد کارڈیک سرجری کی خدمات کا بھی آغاز کیا جائے گا، جس سے امراضِ قلب کے مکمل علاج کی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا سکیں گی۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گلگت کارڈیک ہسپتال ڈاکٹر سید سرتاج حسین رضوی نے سیکریٹری صحت گلگت بلتستان جناب آصف اللہ خان کی خصوصی سرپرستی، رہنمائی اور مسلسل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر کفایت کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بھرپور تعاون کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں کے باعث منصوبہ کامیابی سے تکمیل کے مراحل طے کر سکا۔
ڈاکٹر سید سرتاج حسین رضوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیز-II کے فعال ہونے کے بعد گلگت کارڈیک ہسپتال گلگت بلتستان اور ملحقہ علاقوں کے عوام کے لیے امراضِ قلب کے علاج کا ایک مرکزی اور جدید طبی مرکز بن کر ابھرے گا، جس سے خطے میں صحت کی سہولیات کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ
گلگت کارڈیک ہسپتال، گلگت