09/12/2025
ڈیجیٹل کوکین اور نسلوں کا جینیاتی قتل: پورن، خود لذتی اور دماغ کی بائیولوجیکل تباہی کاپوسٹ مارٹم! - بلال شوکت آزاد
اکیسویں صدی میں انسانیت جس سب سے بڑے، خاموش اور مہلک ترین چیلنج سے نبرد آزما ہے، وہ صرف ایٹمی جنگ یا موسمیاتی تبدیلی نہیں، بلکہ وہ چھ انچ کی اسکرین کے ذریعے ہر بیڈ روم تک پہنچنے والی "پورنوگرافی" (Po*******hy) اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی "سیکس ایڈکشن" اور "خود لذتی" (Ma********on) کی وبا بھی ہے۔
ہم اسے محض ایک "اخلاقی برائی" یا "جوانی کی بھول" سمجھ کر نظر انداز کر رہے ہیں، لیکن جدید میڈیکل سائنس، جینیات اور نیورو بائیولوجی چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے کہ یہ عمل دراصل انسان کے "ہارڈ ویئر" (جسم) اور "سافٹ ویئر" (دماغ/روح) کو ہمیشہ کے لیے کرپٹ کر رہا ہے۔
یہ تحریر ان نوجوانوں کے لیے ایک "ریڈ الرٹ" ہے جو اپنی جوانی کو غسل خانے کی نالیوں میں بہا رہے ہیں، اور ان والدین کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے جو اپنے بچوں کو اسمارٹ فون دے کر بے فکر ہو چکے ہیں۔
آج ہم دیکھیں گے کہ کس طرح سائنس کی لیبارٹریز وہی بات ثابت کر رہی ہیں جو قرآن نے چودہ سو سال پہلے
"وَلَا تَقْرَبُوا الزِّنَىٰ"
(زنا کے قریب بھی مت جاؤ) کہہ کر سمجھا دی تھی۔
سب سے پہلے ہمیں دماغ کی "نیورو سرکٹری" (Neuro-circuitry) کو سمجھنا ہوگا۔
ہمارا دماغ ایک خاص کیمیکل پر چلتا ہے جسے "ڈوپامائن" (Dopamine) کہتے ہیں۔ یہ وہ کیمیکل ہے جو ہمیں جینے کا حوصلہ، خوشی اور تحریک (Motivation) دیتا ہے۔
قدرتی طور پر جب انسان محنت کرتا ہے، شکار کرتا ہے، یا نکاح کے بعد تعلق قائم کرتا ہے، تو ڈوپامائن مناسب مقدار میں خارج ہوتا ہے۔
لیکن پورنوگرافی کیا کرتی ہے؟
یہ دماغ پر ڈوپامائن کی ایسی "غیر فطری بمباری" کرتی ہے جس کا مقابلہ انسانی دماغ نہیں کر سکتا۔
یونیورسٹی آف کیمبرج کی مشہور نیورو سائنٹسٹ ڈاکٹر ویلری وون (Dr. Valerie Voon) نے اپنی تحقیق "Neural Correlates of Sexual Cue Reactivity in Individuals with and without Compulsive Sexual Behaviours" (PLOS ONE, 2014) میں ثابت کیا کہ پورن کے عادی افراد کے دماغ کا اسکین بالکل اسی طرح نظر آتا ہے جیسے کسی "کوکین یا ہیروئن" کے عادی نشئی کا۔
یعنی پورن کوئی تفریح نہیں، یہ "بصری کوکین" (Visual Co***ne) ہے.