16/09/2026
محکمہ موسمیات نے آج شام سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ مزید کمزور ہوگیا ہے جس کے بعد آج شام سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی تاہم شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
موسم سرما کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک کے شمالی و بالائی علاقوں میں موسم سرما طویل ہوسکتا ہے اور موسم سرما کی بارشیں بھی ملک میں معمول سے زائد ہوسکتی ہیں۔
دوسری جانب ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر معظم خان نے جیو سے گفتگو میں بتایا کہ ساحلی پٹی پر بو آبی پودوں کے گلنے سڑنے کی وجہ سے ہے۔
معظم خان نے کہا کہ 'فائیٹو پلینکٹن' نامی سمندری پودوں کے گلنے سڑنے سے بو پیدا ہوئی، مون سون کےخاتمے اور ہواؤں کی رفتار تھمنے سے سمندری نباتات کا نظام متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمندری حرارت میں تبدیلی کے باعث مردہ 'فائیٹو پلینکٹن' بڑی تعداد میں ساحل پر آ گئے ہیں۔