07/06/2023
وزیر اعظم شہباز شریف کے نام کھلا خط۔
محترم وزیر اعظم صاحب۔ السلام علیکم!
آپ کی خدمت میں عرض ہے کہ حال ہی میں انٹر میڈیٹ کا امتحان ہو رہا ہے۔ نقل کا وہ نظام جو جناب کی خصوصی توجہ کے باعث ختم ہو گیا تھا پھر سے جاری ہے۔ صقارہ گرلز کالج غازی چوک کالج روڈ ٹاون شپ میں انگریزی کے پرچے میں بچیاں کتابیں کھول کر لکھتی رہیں۔ اردو کے پرچے میں بھی صورت حال مختلف نہ تھی۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ نگران پرائیویٹ لگانے کی سپرنٹینڈنٹ کو اجازت دی گئی ہے۔ لہذا وہ ارد گرد سے محلے کے بچے اکٹھے کر کے نگرانی کے لیے لے جاتے ہیں۔ علاؤہ ازیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔
بچوں سے پیسے لے کر یا سفارش کے بل بوتے پر ان کی سیٹیں الگ لگائی جاتی ہیں اور انھیں نقل کرائی جاتی ہے۔
اس میں تکلیف دہ بات یہ ہے کہ کچھ بچے دن رات محنت کرتے ہیں والدین بھی ان کے ساتھ محنت کر رہے ہوتے ہیں۔ جب وہ یہ نظام دیکھتے ہیں تو والدین سے کہتے ہیں کہ ہم نے کیوں اتنی محنت کی کچھ پیسے دیتے اور پیپر حل کر لیتے۔
محترم وزیر اعظم صاحب نقل کے اس خاتمے کا سہرا آپ کے سر تھا۔ اب بھی آپ کی کوششوں پر یقین ہے۔
براہ کرم نوٹس لیجیے اور امتحان میں شفافیت یقینی بنائیے۔
ڈاکٹر قاسم محمود