09/05/2026
آج جس شخصیت کو ہم اپنی دعاؤں میں یاد کر رہے ہیں وہ سنگم ٹرانسپورٹ کمپنی کے بانی اور ایک باوقار شخصیت، راجہ شوکت علی مرحوم ہیں۔
آپ تحصیل لورہ کے گاؤں دناہ شریف والے سردار محمد عجب خان کے فرزند ارجمند تھے۔
راجہ شوکت علی مرحوم نہ صرف ایک کامیاب ٹرانسپورٹر تھے بلکہ ایک دردِ دل رکھنے والے انسان، بہترین منتظم اور عوامی شخصیت بھی تھے۔ آپ نے 1974 میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں قدم رکھا اور اپنی محنت، دیانت اور بہترین اندازِ قیادت سے جلد ہی ایک منفرد مقام حاصل کر لیا۔
جب 1977 میں راجہ بازار سے اڈہ پیرودھائی منتقل ہوا تو آپ نے بابو رشید صاحب اور نلہ جبری والے چوہدری ذوالفقار صاحب کی شراکت کے ساتھ سنگم ٹرانسپورٹ کمپنی کی بنیاد رکھی۔ اس دور میں سنگم ٹرانسپورٹ کی گاڑیاں اپنی خوبصورتی، وقت کی پابندی اور بہترین سفری سہولیات کی وجہ سے عوام میں بے حد مقبول ہوئیں۔ آپ نے ہمیشہ کوشش کی کہ مسافروں کو آرام دہ اور باوقار سفر فراہم کیا جائے۔
راجہ شوکت علی مرحوم صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہ رہے بلکہ ٹرانسپورٹرز کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے بھی ہر وقت آواز بلند کرتے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ لوگ آج بھی آپ کو عزت اور احترام سے یاد کرتے ہیں۔
سیاسی اور سماجی میدان میں بھی آپ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ آپ بی ڈی ممبر منتخب ہوئے، ممبر ضلع کونسل رہے اور بعد ازاں صوبائی اسمبلی کی نشست پر بھی انتخاب لڑا۔ اپنے دور میں آپ کو میاں محمد نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔
جون 2004 میں یہ عظیم شخصیت ہم سے جدا ہو گئی، مگر آج بھی ان کا نام، ان کی خدمات اور ان کی محبت لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔
اللہ تعالیٰ راجہ شوکت علی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔
ایسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، جو اپنے کردار، اپنی خدمت اور اپنے اخلاق سے ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں۔