18/07/2026
اہلیانِ کرمی کے تحفظات دور کرکے شفافیت یقینی بنائی جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان سے بشیر احمد کلمتی کا مطالبہ
18جولائی 2024
پی پی پی میڈیا سیل گوادر
گوادر: پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنما بشیر احمد کلمتی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ سب تحصیل سنٹسر کے موضع جنوبی و شمالی کرمی کی فائنل اٹیسٹیشن کے حوالے سے سامنے آنے والے عوامی تحفظات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام قانونی تقاضوں کے مطابق شفاف جائزہ لینے اور تمام فریقین کو اعتماد میں لینے کی ہدایت جاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زمین سے متعلق معاملات انتہائی حساس نوعیت کے ہوتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہر مرحلہ مکمل شفافیت، قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق انجام دیا جائے تاکہ کسی بھی شہری کے آئینی، قانونی اور موروثی حقوق متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظات کو دور کرنا اور اعتماد کی فضا قائم رکھنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بشیر احمد کلمتی نے کہا کہ انہیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور امید ہے کہ وہ اس معاملے کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لے کر ایسا منصفانہ اور شفاف حل یقینی بنائیں گے جو قانون، انصاف اور عوامی مفاد کے عین مطابق ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے آئینی، قانونی اور جمہوری حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے اور ہر ایسے اقدام کی حمایت کرتی ہے جو انصاف، شفافیت اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنائے۔