31/05/2023
جناب! میں ایک سیاسی رہنما ہوں جسے تبدیلی کے دور میں ایک صفحے کی حکومت کے لیے بنایا گیا۔ میرے خدوخال کو موقع پرستی سے سجایا گیا، مجھے طاقت کے چابک سے ہانکا گیا، میری فطرت میں بدلتی حکومتوں کے ساتھ کمپرومائز کرنا بتایا گیا۔
جناب عالی، طاقت کے ایوانوں میں میری حاضری ہر دور میں رہی جبکہ میرا نظریہ مصلحت پسندی ہی رہا۔ میرا منشور چڑھتے سورج کو سلام اور میری طاقت وقت اور حالات کے مطابق بدلنے میں رہی۔ نظریہ مقبولیت اور نعرہ فریب رہا۔
جناب! میں دست بستہ معافی کا طلبگار ہوں، مجھ سے غلطی یہ ہو گئی کہ میں چند شر پسندوں کے بہکاوے میں آ گیا اور انتشار کو انقلاب سمجھ بیٹھا۔
مجھے لگا کہ حقیقی آزادی بالکل قریب اور غلامی کی زنجیریں بس ٹوٹنے ہی والی ہیں اور میں جو کئی دہائیوں سے صرف اس آس میں رہا کہ اب حقیقی آزادی ملے گی، بر س ہا برس سے جی ایچ کیو کو رپورٹ کرتے کرتے تھک گیا تھا اور عوام سے ملنے والے طعنوں سے بھی اُکتا گیا تھا کہ میں صرف بُوٹوں کے بل بوتے پر ہی سیاست کر سکتا ہوں۔