30/07/2026
4 اکتوبر احتجاج کیس,انسدادِ دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو اشتہاری قرار دے دیا
اسلام آباد:(سید شاہد وحید ہاشمی)انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 4 اکتوبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے اشتہاری قرار دینے سے متعلق کارروائی مکمل ہونے کی رپورٹ کا جائزہ لیا۔ رپورٹ کی روشنی میں عدالت نے دونوں ملزمان کو باضابطہ طور پر اشتہاری قرار دینے کا حکم جاری کیا۔عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں تاکہ آئندہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔پولیس حکام کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں 4 اکتوبر احتجاج کے سلسلے میں مقدمہ درج ہے، جبکہ عدالتی احکامات پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، جس کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔