08/08/2026
کشمیر روڈ سیالکوٹ پر مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف تاریخی احتجاج
سیالکوٹ، 7 اگست 2026:
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر ملک بھر کی طرح سیالکوٹ میں بھی مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اضافی ٹیکسز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیر روڈ سیالکوٹ پر جماعت اسلامی کے کارکنان، اسلامی جمعیت طلبہ اور جے آئی یوتھ کے کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے احتجاج میں شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
احتجاج کے دوران کشمیر روڈ پر عوام کا جمِ غفیر دیکھنے میں آیا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر مہنگائی کے خاتمے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبات درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ براہِ راست عام آدمی کی زندگی کو متاثر کر رہا ہے۔ پٹرول مہنگا ہونے سے نہ صرف سفری اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ، کاروبار اور روزمرہ زندگی کے تمام شعبے متاثر ہوتے ہیں۔
احتجاج میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی کی جائے اور عوام پر عائد اضافی لیوی ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ عام شہری کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے کچھ ریلیف مل سکے۔
مقررین اور احتجاجی کارکنان نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عوام مزید معاشی بوجھ برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ اگر حکومت نے عوامی مطالبات پر فوری توجہ نہ دی اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی سمیت ٹیکسوں کے حوالے سے مؤثر اقدامات نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور یہ تحریک ملک گیر احتجاج اور گھیراؤ کی تحریک کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل، مہنگائی کے خاتمے اور عام آدمی کو معاشی ریلیف دلانے کے لیے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
کشمیر روڈ سیالکوٹ کا یہ احتجاج اس امر کا اظہار تھا کہ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوامی تشویش میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور شہری حکومت سے فوری عملی اقدامات کے منتظر ہیں۔