19/08/2026
قصہ شہر۔۔۔۔۔۔ شیخ طلال
شیخوپورہ واسا ناکام؟ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے ’’پروپیگنڈا‘‘ قرار دینے کا دعویٰ
شیخوپورہ کے مختلف گلی محلوں میں سیوریج کا پانی تاحال موجود ہے، شہری مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ واسا شیخوپورہ اپنے آفیشل فیس بک پیج پر ان مسائل کی نشاندہی کو ’’جھوٹا پروپیگنڈا‘‘ قرار دے رہا ہے۔
ہم ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ لوگ کسی ادارے کے خلاف پروپیگنڈا نہیں کر رہے بلکہ وہ حقیقت عوام کے سامنے لا رہے ہیں جو شہری خود بھگت رہے ہیں۔ واسا کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹس تو کی جا رہی ہیں، لیکن زمینی صورتحال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے۔ کئی مقامات پر شہری اپنی مدد آپ کے تحت سیوریج کے مسائل حل کرنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کے مطابق واسا کو متعدد شکایات درج کروائی گئیں، مگر شکایات کے ازالے کے لیے عملہ موقع پر نہیں پہنچا اور بعد ازاں شکایت کا اسٹیٹس خود ہی ’’حل شدہ‘‘ ظاہر کر دیا گیا۔ اگر یہ دعویٰ درست ہے تو واسا اپنے آفیشل پیج کی پوسٹس کے نیچے موجود شہریوں کے تبصرے بھی دیکھ لے، جہاں عوام خود اپنی مشکلات بیان کر رہے ہیں۔
اگر واسا سمجھتا ہے کہ شیخوپورہ میں جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے تو اسے چاہیے کہ سوشل میڈیا پوسٹس کے بجائے موقع پر جا کر مسائل حل کرے اور عوام کو عملی ریلیف دے۔
مسائل کے بارے میں متعلقہ حکام کو بھی فوری نوٹس لینا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور اور اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ عمران علی ہرل سے مطالبہ ہے کہ واسا کی کارکردگی، شہریوں کی شکایات اور ’’حل شدہ‘‘ ظاہر کی جانے والی شکایات کی حقیقت کا جائزہ لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عوام کو پوسٹ نہیں، عملی ریلیف چاہیے۔